28 March 2026

ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کا فلڈ ریلیف کیمپ الامیر فلورمل حویلی نصیر خان کا دورہ

بہاول پور:ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے حویلی نصیر خان میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ الامیر فلور مل کا دورہ کیا۔ انہوں نے کیمپ میں موجود سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی۔ متاثرینِ سیلاب نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور انہوں نے سیلاب متاثرین کو تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ڈپٹی کمشنر نے فلڈ ریلیف کیمپ کے انتظامات، خصوصاً رہائش، خوراک، صحت و صفائی اور پینے کے صاف پانی کی دستیابی کا بغور مشاہدہ کیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دیں۔
ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتطامیہ بہاولپور سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر سیلاب متاثرین میں راشن کے پیکٹس، بچوں کے لیے کپڑے، جوتے، دودھ، جوس اور دیگر ضروری اشیاء بھی تقسیم کیں۔ متاثرین نے ضلعی انتظامیہ کی بروقت امداد اور مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات اور فلاحی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ ان مشکل حالات میں آگے بڑھ کر متاثرین کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بہاولپور کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس لگائے گئے ہیں جہاں متاثرین کو رہائش، خوراک اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں