26 February 2026

برطانوی کرکٹ لیگ دی ہنڈرڈ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو ممکنہ نظر انداز کرنے کا معاملہ، مائیکل وان کا ای سی بی سے فوری ایکشن کا مطالبہ

مانچسٹر ( وسیم عباس) انگلینڈ کے کرکٹ ٹورنامنٹ The Hundred سے متعلق پاکستانی کھلاڑیوں کی ممکنہ نظراندازی پر تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔ کرکٹ حلقوں میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بھارتی مالکان کی شمولیت کے باعث انتخابی عمل متاثر ہو سکتا ہے۔

دی ہنڈرڈ کو ابتدا میں ایک جامع اور غیرجانبدار ٹورنامنٹ قرار دیا گیا تھا، تاہم حالیہ صورتحال نے اس تصور پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ لندن میں موجود ذرائع کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں کو نظرانداز کیے جانے کا خدشہ سامنے آیا ہے، جس سے کھیل کی شفافیت متاثر ہو سکتی ہے۔

سابق انگلش کپتان Michael Vaughan نے اس معاملے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے England and Wales Cricket Board سے فوری اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا انتخاب صرف میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیے، نہ کہ قومیت یا کسی اور پس منظر کی بنیاد پر۔

ذرائع کے مطابق اگر یہ رجحان جاری رہا تو حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی جیسے عالمی سطح کے پاکستانی اسٹار کرکٹرز بھی متاثر ہو سکتے ہیں، جو نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ ٹورنامنٹ کی ساکھ کے لیے بھی نقصان دہ ہوگا۔

کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کا امتیازی فیصلہ انگلش کرکٹ کے تشخص کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اسی تناظر میں کھیل کو سیاست سے دور رکھنے اور تمام کھلاڑیوں کو برابری کے مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے