مانچسٹر (نمائندہ خصوصی وسیم عباس )
مانچسٹر سٹی کونسل کے انتخابات کے سلسلے میں لیبر پارٹی کے امیدوار کونسلر رب نواز اکبر کی انتخابی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ وہ روشم کری مائل وارڈ سے بطور کاونسلر امیدوار میدان میں ہیں۔ مقامی سطح پر انہیں ایک مضبوط اور مقبول امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
کونسلر رب نواز اکبر اس وقت مانچسٹر سٹی کونسل میں اہم ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں اور انہیں سٹی کونسل کے چیف ایگزیکٹو ممبران میں شمار کیا جاتا ہے۔ شہر کی ترقی اور فلاحی منصوبوں میں ان کا کردار نمایاں رہا ہے۔
برٹش پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی انہوں نے متعدد فلاحی منصوبے مکمل کروائے، جنہیں کمیونٹی میں خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ انتخابی ماحول میں انہیں مانچسٹر کے مقبول ترین امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ مختلف سیاسی وابستگیوں سے تعلق رکھنے والے برٹش پاکستانی شہری بھی پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر رب نواز اکبر کی حمایت میں سرگرم ہیں۔ حامیوں کا کہنا ہے کہ وہ نہ صرف ایک تجربہ کار سیاستدان ہیں بلکہ ایک مخلص اور باکردار شخصیت کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے انتخابات میں کونسلر رب نواز اکبر کی کامیابی کے امکانات روشن دکھائی دیتے ہیں۔






