12 April 2026

بجلی کے بل کی عدم ادائیگی کے باعث ساہیوال ریلوے اسٹیشن کی بجلی کاٹ دی گئی

ساہیوال ( یو پی اے) ساہیوال ریلوے اسٹیشن کی ریلوے کالونی اور ریلوے تھانے کا بجلی کے بل کی عدم ادائیگی پر کنکشن کاٹ دیا گیا ہے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ریلوے کالونی کے رہائشی اور مسافر بجلی اور پانی کی بندش سے شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے ریلوے اسٹیشن پر پانی نہ ہونے کی وجہ سے واش روم کو تالے لگا کر بند کر دیا گیا

پانی و بجلی نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں ریلوے ملازمین اور نمازیوں اور رہائشی کالونیوں کے مکینوں کو رمضان المبارک کے دنوں میں افطاری اور سحری کے وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اگر بجلی بحال نہ کی گئی تو ریلوے ملازمین شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری بجلی کا بل نہ ادا کرنے والوں پر ہوگی تفصیلات کے مطابق ریلوے حکام نے 40 لاکھ روپے کے بجلی کے بلوں کی ادائیگی ابھی تک نہیں کی جس کی وجہ سے ریلوے اسٹیشن’ ریلوے یارڈ ‘ریلوے پلیٹ فارمز’ رننگ روم’ گارڈز روم’ ریلوے کالونیوں اور ریلوے ڈسپنسری کے کنکشن کاٹ دیے گئے ایک ہفتہ سے بجلی اور پانی نہ ہونے کی وجہ سے پورے علاقے کربلا کا منظر پیش کر رہے ہیں

 

ڈی ایس ریلوے اور حکام بالا کو علم ہونے کے باوجود ابھی تک بجلی کے بلوں کی ادائیگی نہیں ہو سکی جبکہ ریلوے ملازمین کا کہنا ہے کہ ہر ماہ ان کی تنخواہوں سے بجلی کے بل کاٹ لیے جاتے ہیں پھر انہیں بجلی سے محروم کیوں رکھا ہوا ہے ذرائع کے مطابق چلنے والے سگنل جس سے گاڑیوں کی آمدورفت ہوتی ہے اور بجلی خرچ ہوتی ہے اس کے بل ادا نہیں کیے گئے

جبکہ ریلوے ملازمین اپنے ہر ماہ تنخواہ کے ساتھ ہی ادا کر دیتے ہیں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے تمام رات ریلوے اسٹیشن’ ریلوے تھانہ’ ریلوے پلیٹ فارم اندھیرے میں ڈوبے رہتے ہیں یہ
علاقے انتہائی حساس ہیں ان حالات میں کوئی حادثہ بھی پیش آ سکتا ہے ریلوے ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بجلی بحال کی جائے ورنہ وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گے