بہاول پور (یوپی اے)وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کا کام تدریس و تحقیق کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کی سماجی اور معاشی ترقی بھی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سیلاب سے متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ اس مقصد کے لیے فلڈ ریلیف سیل کی جانب سے یونیورسٹی چوک پر فلڈ ریلیف سیل قائم کر دیا گیا ہے۔ فلڈ ریلیف کیمپ میں پاکستان اوور سیز فورم کی جانب سے 650 گھرانوں کے لیے راشن بیگ فراہم کیے گئے ہیں۔ اسی طرح سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے 20 راشن بیگ فراہم کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر سردار نجیب اللہ خان سرپرست اعلی انجمن تاجران بہاول پور ، پیر عثمان غنی، ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربیک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن، ڈین فیکلٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد خالد منصور، ڈائریکٹر انکم ٹیکس سید تنصیر ترمزی ، سابق صدر بہاول پور پریس کلب نصیر احمد ناصر اور دیگر افسران موجود تھے۔ آئی یو بی فلڈ ریلیف سیل کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا نے بتایا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے بہاول پور کے اطراف میں سیلاب سے متاثرہ افرادکے لیے 500 سے زائد رضا کار امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ یونیورسٹی کی میڈیکل ٹیم، وٹرنری ٹیم اور شعبہ نفسیات کی ٹیم کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سیلاب سے متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ڈاکٹر کامران






