بہاول پور : اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں پہلی مرتبہ تمام شعبہ جات اور کیمپسز کے لیے وزیٹنگ فیکلٹی کے تقرر کے لیے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی ہدایت پر باقاعدہ اشتہار کے بعد انٹرویوز منعقد ہوئے ہیں۔ وائس چانسلر خود متعلقہ ڈینز تدریسی شعبہ جات کے سربراہان اور سینئر فیکلٹی کے ساتھ ان انٹرویوز میں شریک ہوئے۔ مجموعی طور پر 58 شعبہ جات کے لیے 500 سے زائد امیدواروں کی درخواستیں موصول ہوئیں۔ آج بہاول پور کے تینوں کیمپسز کے لیے بغداد الجدید کیمپس میں انٹرویوز منعقد ہوئے۔ جبکہ کل بہاولنگر رحیم یار خان اور لیاقت پور کیمپسز کےلیے امیدواروں سے انٹرویوز لیے جائیں گے۔
ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈیمکس نے وائس چانسلر کی ہدایت پر وزیٹنگ فیکلٹی کی آسامیوں کا انتہائی ضرورت کے تحت تعین کیا۔ وائس چانسلر کے ویژن کے مطابق کوالٹی ایجوکیشن یقینی بنانے کے لیے انٹرویوز پینل ،شفاف اور میرٹ پر مبنی سیلیکشن کا عمل ترتیب دیا ۔ ان انٹرویوز میں کامیاب ہونے والے امیدوار فال سیمسٹر 2025 میں تدریسی فرائض سرانجام دیں گے۔






