28 March 2026

ڈاکٹر عزیز الرحمن نے چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کا دورہ کیا

بہاول پور: ڈاکٹر عزیز الرحمن ایسو سی ایٹ پروفیسر انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کا دورہ کیا ۔ ممتاز چینی پروفیسر ڈاکٹر تاؤ ہی کی سربراہی میں نیشنل سینٹر فار نینو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اوربہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی ریسرچ ٹیم مل کر کام کر رہی ہے۔اس پراجیکٹ کا مقصد توانائی اور ماحولیات کے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اگلی نسل کو تیار کرنا ہے۔ پائیدار توانائی اور ماحولیاتی خطرات کے تدارک کے لئے فریم ورک کا قیام اور بنیادی میکانزم کی تیاری ہے تاکہ اعلیٰ کارکردگی والے مواد اور آلات کی تخلیق میں رہنمائی کی جاسکے۔

 

یہ پاک چین شراکت داری جدید سائنسی اختراعات کا پلیٹ فارم ہے جس سے اقوام اور عالمی برادری دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے دونوں ممالک کی تحقیقی ٹیم کے باہمی تعاون اور عزم کو سراہا ہے جو ایک صاف اور زیادہ پائیدار مستقبل کی تشکیل کریں گے۔ ڈین فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبدالروف نے بھی ڈاکٹر عزیز الرحمن اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو مفید اور کامیاب قرار دیا ہے ۔