28 March 2026

یونیورسٹی کمیونٹی متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے گی۔ڈاکٹرکامران

بہاول پور:  وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کمیونٹی سیلاب کی صورت میں تباہ کن آفت سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے گی۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر نے آئی یو بی ریلیف سیل کی ٹیم کو متاثرہ علاقوں میں بھیجتے ہوئے کیا ۔ وائس چانسلر نے کہا کہ عباسیہ کیمپس یونیورسٹی کے مرکزی دروازے پر ایک کیمپ لگایا جا رہا ہے جہاں اساتذہ ،ملازمین، طلباوطالبات، والدین، ایلومینائی اور کمیونٹی کے لوگوں کیساتھ عام لوگ بھی امدادی اشیا جمع کرا سکتے ہیں۔ اسکے علاوہ یونیورسٹی فلڈ ریلیف سیل کا اکاؤنٹ بھی فعال کر دیا گیا ہے جس میں امدادی رقوم جمع کرائی جائے سکتی ہیں۔

آئی یو بی فلڈ ریلیف سیل کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا نے دریائے ستلج کے کنارے واقع علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے ضلعی انتظامیہ ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کے ساتھ ملکر جاری امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ دریں اثناء یونیورسٹی ٹیم نے دریائے ستلج کے سیلاب سے متاثرہ ماڑی قاسم شاہ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کے لئے کام کا جائزہ لیا۔