بہاول پور: ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے تحصیل خیرپور ٹامیوالی، تحصیل حاصل پور اور گردونواح کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قائم فلڈ ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے فراہم کی جانے والی سہولیات بارے استفسار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر فلڈ ریلیف کیمپوں کے منتظمین کو سختی سے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے اسرانی خیرپور ٹامیوالی میں قائم گورنمنٹ ہائی سکول اور دیگر مقامات پر لگائے گئے فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا،
جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل بھی دریافت کیے۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے موضع جمال پور حاصل پور میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ، بستی چھوہن اور ہیڈ اسلام کے فلڈ ریلیف کیمپوں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ان مقامات پر موجود سہولیات، کھانے پینے کے انتظامات، طبی امداد، اور دیگر بنیادی ضروریات کا بغور جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کیمپوں میں موجود اہلکاروں کو تاکید کی کہ متاثرینِ سیلاب کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور ان کے مسائل کے حل میں کوئی سستی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ متاثرین کی خدمت و امداد کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سیلاب متاثرین کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی ہے۔






