28 March 2026

عشرہ رحمت اللعالمینؐ کی مناسبت سے گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین میں پروقار محفل میلاد

راولپنڈی : گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین بی بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی میں عشرہ رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ایک پر وقار اور روح پرور محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر کالج کی پرنسپل ڈاکٹر فاطمہ گل، اساتذہ کرام اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز حسب روایت تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں طالبات نے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور نعتیں پیش کیں۔ طالبات نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ اور احادیث مبارکہ کی روشنی میں روایات بھی بیان کیں جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔شعبہ تاریخ کی پروفیسر مسز روبینہ صدیق نے خطاب کرتے ہوئے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

 

انہوں نے کہا کہ آج کی طالبات کو چاہیے کہ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ سے رہنمائی حاصل کریں تاکہ اپنی عملی زندگی کو بہتر بنا سکیں۔تقریب کے دوران کالج ہال کو نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا۔ روشنیوں اور پھولوں سے آراستہ اسٹیج نے محفل کو ایک منفرد رنگ بخشا۔ یہ سجاوٹ شعبہ فائن آرٹس کی پروفیسر میڈم ناجیہ ارم اور ان کی طالبات کی تخلیقی کاوش کا نتیجہ تھی جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔نعت خوانی کے مقابلوں میں شعبہ اسلامیات کی میڈم فاطمہ، میڈم صائمہ اور میڈم حنفیہ نے طالبات کی خصوصی رہنمائی کی، جبکہ شعبہ عربی کی میڈم تسنیم نے بھی معاونت فراہم کی۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی کے ساتھ ساتھ حاضرین نے درود و سلام بھی بڑے ذوق و شوق سے پڑھا۔تقریب کے اختتام پر میڈم حنفیہ نے دعا کروائی جس میں پاکستان کی سلامتی، اسلام کی سربلندی، ملک و ملت کی ترقی و خوشحالی، گناہوں سے توبہ اور طالبات کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ دعا کے دوران محفل کا ماحول نہایت روح پرور اور پر سکون ہو گیا۔ آخر میں شرکا نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔