راولپنڈی: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی اور ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق بھوربن مری میں گندم کے آٹے کے غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیے گئے 900 تھیلے تحویل میں لے لیے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر مری فیصل احمد نے مری شہر اور لوئر بازار میں گندم کے آٹے کے نرخوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سرکاری نرخوں کے بر خلاف آٹا فروخت کرنے والوں کو جرمانے عائد کیے۔
ڈی سی مری کی ہدایت پر تحصیل انتظامیہ کوٹلی ستیاں میں بھی سرکاری نرخوں کے بر خلاف آٹا فروخت کرنے والوں کو جرمانے عائد کیے گئے۔ ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ آٹے کی سرکاری نرخوں کے حساب سے فروخت، آٹے کی بازاروں میں فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ آٹا ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔






