بہاول پور : وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ درس و تدریس کا اعلیٰ معیار اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے اساتذہ کو جامع منصوبہ بندی کے ساتھ نئے تعلیمی سیشن کا آغاز کرنا چاہیے۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار آج بغدادالجدید کیمپس میں نئے تعلیمی سیشن کے آغاز سے پہلے تدریسی شعبہ جات کے سربراہان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ڈینز، چیئرمین، چیئرپرسنز ،اساتذہ سے کہا کہ کلاسز کی باقاعدگی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ عالمی معیار کے نصاب کی تدریس کےلیے تمام تر توانائی بروئے کار لائی جائے۔ اعلیٰ معیار تعلیم ہی اصل میں ادارے کی ساکھ اور پہچان ہوتی ہے۔ والدین طلباو طالبات اور معاشرے کے دیگر طبقات تعلیمی معیار سے ہی تعلیمی اداروں کی درجہ بندی کرتے ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ وہ کوالٹی ایجوکیشن پر بھرپور توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور فیکلٹی سے بھی توقع کرتے ہیں کہ وہ اس پر عملدرآمد کرے گی۔
رواں ماہ کے وسط میں کیمپس اور ملحقہ کالجز کے اساتذہ کے لیے کوالٹی ایجوکیشن کے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا جائے گا۔ وہ خود اس سیشن میں شریک ہوں گے اور لیکچر دیں گے۔ معیار ی تعلیم کے لیے بورڈ آف اسٹڈیز پہلی سیڑھی ہے جس کو مربوط کیا جائے۔ لرننگ مینجمنٹ سسٹم کو اپ ڈیٹ کیا جائے تاکہ حاضری گریڈنگ اور نصاب مقررہ معیار کے مطابق ہوں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ تمام تدریسی سربراہان ایک نئے جذبے سے نئے تعلیمی سیشن کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیٹنگ فیکلٹی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اشتہار دیا گیا ہے اور وہ خود انٹرویو پینل میں بیٹھیں گے۔ وائس چانسلر نے ہدایت کی کہ لیباٹری ورک کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اکیڈیمکس پروفیسر ڈاکٹر جواد اقبال نے اعدادو شمارکی مدد سے یونیورسٹی میں اساتذہ اور طلباو طالبات کا تناسب اور گزشتہ سیمسٹرز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔






