بہاول پور: رکن پنجاب اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر رانا محمد طارق خان نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے بھر کی انتظامیہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے پوری طرح متحرک اور فعال ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سے موثر تحفظ کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ڈاکٹر رانا محمد طارق خان نے کہا کہ حلقہ پی پی 254 سٹی سے ملحقہ دیہی علاقے میں جلد ہی ایک ماڈل ویلج کے قیام کا منصوبہ شروع کیا جائے گا
جو عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ عوام کو یکساں سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ایک مربوط اور جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ حکومت ہر طبقے کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان ترقیاتی فرق کو کم کیا جا سکے۔