بہاول پور: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 18 اگست سے 24 اگست تک ڈینگی سے بچاؤ کے حوالہ سے بروئے کار لائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لیے محکمہ صحت اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف فیلڈ میں متحرک انداز میں کام کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی کی احتیاطی تدابیر پرعمل کرتے ہوئے پانی کو ایک جگہ نہ ٹھہرنے دیا جائے اور صفائی ستھرائی کے کاموں پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی سرویلنس مؤثر طریقہ سے کی جائے اور انسداد ڈینگی کے لیے تشکیل دی گئی ان ڈور اور آؤٹ ڈور ٹیموں کے اراکین فیلڈ میں فعال انداز میں کام کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اینڈرائیڈ یوزر سرگرمیوں میں مزیداضافہ کیا جائے اور تمام امور درست اور شفاف طریقہ سے انجام دیئے جائیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی کے حوالہ سے متعلقہ افسران و فوکل پرسن کی انفرادی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر و فوکل پرسن ڈاکٹر خالد چنڑنے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ یکم جنوری2025 ء سے 24اگست کے دوران ضلع بھر میں ڈینگی کے 5250 مشتبہ کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 59 مقامات پر ڈینگی لاروا پایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈینگی لارواکے خاتمہ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات بروئے کار لائے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں ڈینگی کے حوالہ سے 1857ہاٹ سپاٹس موجود ہیں جن کی سو فیصد کوریج کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ ضلع بھرمیں 513 ان ڈور اور 120آؤٹ ڈور ٹیمیں فیلڈ میں فعال ہیں۔