26 March 2026

ساہیوال ،تعلیمی بورڈ کی نئی تعمیر ہونے والی عمارت میں کام شروع کر دیا

ساہیوال ( یو پی اے) کمشنر ساہیوال ڈویژن/چیئرمین ساہیوال بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل کی خصوصی ہدایت پر بورڈ کی پانچ برانچز نے نئی تعمیر ہونے والی عمارت میں کام شروع کر دیا ہے جس سے نا صرف بورڈ ملازمین کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا بلکہ طلبہ و طالبات کو اضافی سہولیات کی فراہمی بھی ممکن ہو گی

پہلے مرحلے میں ویریفکیشن برانچ، آڈٹ برانچ، اسٹیٹ برانچ، آر سی او آفس اور سٹور کو نئی عمارت میں شفٹ کیا گیا ہے جو اس سے پہلے کرائے کی عمارتوں میں کام کر رہی تھیں تقریب میں ساہیوال بورڈ کے سیکرٹری/ اے سی جی غلام حسین بھٹی، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت، اسسٹنٹ انجینیئر سید قاسم احمد شاہ اور برانچ انچارجز نے بھی شرکت کی

کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے بورڈ کی نئی عمارت کی تکمیل اور اسے فنگشنل کرنے پر سیکرٹری بورڈ غلام حسین بھٹی کی کاوشوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ ریکارڈ کی منتقلی کے دوران اسے ضائع ہونے سے بچانے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں انہوں نے بلڈنگ کی لینڈسکیپنگ کرنے، شجرکاری کرنے اور سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی بھی ہدایت کی انہوں نے چیئرمین آفس کو بھی نئی بلڈنگ میں منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ون ونڈو سیل کی سہولیات میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کو آسانی میسر آئے