28 March 2026

ترقیاتی منصوبوں کےمقررہ ٹائم لائن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔کمشنر ساہیوال

ساہیوال (یو پی اے) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ضلع ساہیوال میں عوامی فلاح و بہبود کی جاری تمام ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ وہ ڈی سی آفس ساہیوال میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ تمام جاری منصوبوں میں کام کے معیار اور مقررہ ٹائم لائن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر آمدورفت، کھیلوں کی جدید سہولیات، ریسکیو سروسز، سیوریج سسٹم، ٹف ٹائل اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور تمام سکیموں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع ساہیوال میں مجموعی طور پر 167 ترقیاتی سکیموں پر کام ہو رہا ہے جن میں 25 جاری جبکہ 142 نئے منصوبے شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ منصوبوں پر مجموعی طور پر 62 ارب 74 کروڑ 40 لاکھ روپے لاگت آئے گی جبکہ اب تک جاری منصوبوں پر 49 فیصد اور نئے منصوبوں پر 66 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کر کے عوام کو ان کے ثمرات پہنچائے جائیں گے۔ قبل ازیں کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈی سی آفس کمپلیکس کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ سمیع اللہ فاروق نے کام کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔