1 April 2026

ساہیوال، صدر ڈسٹرکٹ بار ملک سعید احمد سگھلہ نے کابینہ کے ہمراہ پریس کلب کا دورہ کیا

ساہیوال ( یو پی اے) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ساہیوال کے صدر ملک سعید احمد سگھلہ نے اپنی پوری کابینہ کے ہمراہ ساہیوال پریس کلب رجسٹرڈ ساہیوال کا باضابطہ دورہ کیا دورے کے موقع پر انہوں نے ساہیوال پریس کلب کے نو منتخب صدر رانا جاوید نثار اور ان کی منتخب کابینہ کو شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی صدر ڈسٹرکٹ بار ملک سعید احمد سگھلہ نے صدر پریس کلب رانا جاوید نثار سمیت کابینہ کے دیگر ارکان کو پھولوں کے ہار پہنائے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا

انہوں نے کہا کہ وکلاء اور صحافی معاشرے کے دو اہم ستون ہیں جو آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔اس موقع پر ملک سعید احمد سگھلہ کا کہنا تھا کہ ساہیوال پریس کلب نے ہمیشہ مثبت، ذمہ دارانہ اور عوامی مسائل پر مبنی صحافت کو فروغ دیا ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب کابینہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صحافتی اقدار کو مزید مضبوط کرے گی

پریس کلب کے صدر رانا جاوید نثار نے ڈسٹرکٹ بار کے صدر اور کابینہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء اور صحافی برادری کا باہمی تعاون معاشرے میں انصاف، شفافیت اور حقائق کی درست ترسیل کے لیے ناگزیر ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پریس کلب آئندہ بھی وکلاء برادری کے ساتھ مل کر عوامی مفاد کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا تقریب کے دوران دونوں اداروں کے مابین باہمی دلچسپی کے امور، درپیش مسائل اور ان کے حل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ بار اور ساہیوال پریس کلب مستقبل میں بھی باہمی روابط کو فروغ دیتے ہوئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے