لاہور(یو پی اے)سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) لمیٹڈ کی ضروریات کے مطابق 10 دسمبر 2025 کو مالی سال 2024-25 کی تکمیل کے بعد اپنا کارپوریٹ بریفنگ اجلاس(CBS) منعقد کیا۔ یہ اجلاس فلیٹیز ہوٹل، لاہور میں منعقد ہوا اور اس میں حصہ داران، تجزیہ کاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے ذاتی طور پر اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔انتظامیہ نے سوئی ناردرن گیس کی آپریشنل اور مالی کارکردگی کا ایک جامع جائزہ پیش کیا۔ کارکردگی کے کلیدی اشاریے، بشمول کمپنی کا ریکارڈ دوسرا تا ر یخی منافع اور غیر محسوب گیس (UFG) کو کم کرنے میں نمایاں کامیابیاں، شرکاء کو بتائی گئیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ایس این جی پی ایل نے قبل از ٹیکس24,446 ملین روپے کا دوسرا سب سے زیادہ منافع ریکارڈ کیا۔ اور بعد از ٹیکس منافع 14,592 ملین روپے رہا، جس کے نتیجے میں فی حصہ آمدنی 23.01(EPS) روپے ہے۔ یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ کمپنی نے مجموعی غیر محسوب گیس کے نقصانات کو 31,317 MMCF سے 30,026 MMCF تک کم کرکے ایک اہم آپریشنل سنگ میل عبور کیا۔انتظامیہ کی بریفنگ کے بعد ایک سوال و جواب کی نشست ہو ئی جس کے دوران حصص داران اور تجزیہ کاروں نے کمپنی کے آپریشنز، منافع، UFG کنٹرول کے اقدامات، ریگولیٹری معاملات، کسٹمر سروسز اور مستقبل کے امکانات سے متعلق سوالات پوچھے۔
اجلاس کی صدارت عامر طفیل منیجنگ ڈائریکٹر نے کی۔ اس کے علاوہ ثاقب ارباب ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشنز)، کامران اکرم چیف فنانشل آفیسراور امتیاز محمود، ایس جی ایم (کارپوریٹ افیئرز)/ کمپنی سیکریٹری اور کمپنی کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔