لندن :(وسیم عباس ) لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان سپر لیگ 2026 کے سلسلے میں شاندار روڈ شو کا انعقاد کیا گیا، جس میں عالمی سرمایہ کاروں، بزنس کمیونٹی اور کرکٹ سے وابستہ اہم شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ اس تقریب میں پی ایس ایل کی توسیع، نئی ٹیموں کی شمولیت اور مستقبل کی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم بریفنگ دی گئی۔
روڈ شو میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی خصوصی طور پر لندن آئے، جبکہ اسٹار کرکٹر بابر اعظم، سابق کپتان وسیم اکرم اور رمیز راجہ بھی اس اہم تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب کے مرکزی سیشن میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سرمایہ کاروں کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کو اسٹاک ایکسچینج میں لانچ کیا جارہا ہے، جس سے لیگ میں شفافیت بڑھے گی اور فرنچائز مالکان کے لیے مالی خطرات کم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں نئی ٹیم کی خریداری نقصان کا سودا نہیں ہوگی بلکہ مستقبل میں یہ ایک منافع بخش سرمایہ کاری ثابت ہوگی۔ شرکا کو یہ بھی بتایا گیا کہ پی ایس ایل مظفرآباد اسٹیڈیم کو حاصل کر رہا ہے جہاں مستقبل میں میچوں کے انعقاد کا پلان شامل ہے۔
تقریب میں موجود لندن کے معروف بزنس مین سلیمان رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج میں لانچ ہونے سے پی ایس ایل ٹیم مالکان کے ممکنہ نقصانات کم ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ روڈ شو میں متعدد افراد نے ٹیمیں خریدنے میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی ہے۔
سلیمان رضا نے کہا کہ وہ پہلے ہی کشمیر پریمیئر لیگ میں ایک ٹیم کے مالک ہیں اور پی ایس ایل میں بھی ٹیم خریدنے پر غور کر رہے ہیں۔