مانچسٹر( وسیم عباس ) آسٹریلیا نے گابا کے تاریخی میدان میں دوسرے ایشیز ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو باوقار آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن 2–0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ آسٹریلوی بولرز خصوصاً مائیکل نیسر نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 241 رنز اسکور کیے، جس میں کپتان بین اسٹوکس نے 152 گیندوں پر 50 رنز اور ول جیکس نے 41 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ تاہم اس کے باوجود انگلینڈ آسٹریلیا کے لیے زیادہ ہدف ترتیب دینے میں ناکام رہا
آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل نیسر نے تباہ کن بولنگ کی اور 5 وکٹیں صرف 42 رنز کے عوض حاصل کیں۔ یہ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی پانچ وکٹوں کی کارکردگی ہے، جو انہوں نے تین سال بعد ٹیم میں واپسی پر حاصل کی
میچ جیتنے کے لیے مطلوبہ صرف 65 رنز آسٹریلیا نے انتہائی تیزی سے 10 اوورز میں مکمل کر لیے۔ تجربہ کار بیٹر اسٹیو اسمتھ نے آخری چھکے کے ساتھ ٹیم کو کامیابی دلائی اور اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو خوشی سے جھومنے پر مجبور کر دیا۔
انگلینڈ کی بیٹنگ ایک بار پھر دباؤ کا شکار رہی، جب کہ فیلڈنگ اور حکمتِ عملی میں بھی بارہا غلطیاں سامنے آئیں۔ دوسری جانب آسٹریلیا نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں مکمل کنٹرول برقرار رکھا
سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے ایڈیلیڈ اوول میں شروع ہوگا، جہاں انگلینڈ سیریز میں واپسی کی آخری امید کے ساتھ میدان میں اترے گا۔
آسٹریلیا نے انگلینڈ کو دوسرے ایشیز ٹیسٹ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2–0 کی برتری حاصل کر لی
