15 May 2026

تیز رفتاری پر ترک وزیر ٹرانسپورٹ کا چالان کٹ گیا. قوم سے معذرت کرلی

انقرہ: ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ عبدالقادر یورالوغلو کو تیز رفتاری پر جرمانہ ادا کرنا پڑ گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک وزیر ٹرانسپورٹ نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہیں ایک ہائی وے پر گاڑی چلاتے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عبدالقادر کی گاڑی کی اسپیڈ ایک موقع پر 225 کلومیڑ فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ جاتی ہے۔

ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر وزیرٹرانسپورٹ نے ویڈیو دوبارہ پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں مقررہ حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے پر جرمانا کیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا کہ میں نے انقرہ-نیڈے (Ankara-Niğde) ہائی وے کو چیک کرنے کے لیے ڈرائیونگ کی مگر غیر ارادی طور پر مختصر وقت کے لیے رفتار کی حد سے تجاوز کرگیا اور میں اس پر معذرت بھی کرتا ہوں۔

ترک وزیر ٹرانسپورٹ عبدالقادر یورالوغلو کو تیز رفتاری پر 9,267 ترک لیرا یعنی تقریباً 225 ڈالرز کا جرمانہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ ترکیہ میں ہائی ویز پر زیادہ سے زیادہ رفتار کی حد 140 کلومیٹر فی گھنٹہ (87 میل فی گھنٹہ) ہے۔