16 June 2026

معاشرے کے ہر فرد کو کلام اقبال سے استفادے کی ضرورت ہے.پروفیسر ڈاکٹر مسرت واجد

بہاولپور (یو پی اے)اقبال کی فکر کا مرکز نوجوان ہیں۔ معاشرے کے ہر فرد کو کلام اقبال سے استفادے کی ضرورت ہے،ان خیالات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر مسرت واجد نے 79 ویں جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سے قرآتِ کلامِ اقبال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شعبہ فارسی، شعبہ اقبال اسٹڈیز اور آئی یوبی لٹریری سوسائٹی کے اشتراک سے قرأت کلام اقبال کی تقریب کا انعقاد اسلامک لرننگ آڈیٹوریم، دی اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں کیا گیا۔ تقریب کی نقابت کے فرائض جنرل سیکرٹری آئی یو بی لٹریری سوسائٹی زارا ثمین نے انجام دئیے۔

استقبالیہ خطاب میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد اصغر سیال شعبہ اقبال سٹڈیز نے کلام اقبال کی افادیت و اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال شاعرِ فردا ہیں اور ان کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر مسرت واجد نے خودی کا سر نہاں ترنم کے ساتھ پیش کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ رمشا حفیظ ایگزیکٹو ممبر آئی یو بی لٹریری سوسائٹی سوسائٹی نے شکوہ و جواب شکوہ تحت اللفظ پیش کیا جس سے محفل پر سکوت طاری رہا۔شعبہ سول انجینئرنگ سے زارا ثمین اور شعبہ اقبال اسٹڈیز سے فیضان ایوب نے کلام اقبال تحت اللفظ پیش کیا۔

صدر شعبہ فارسی کی نمائندگی کرتے ہوئے پروفیسر مسرت واجد نے کلام اقبال کو معاشرے کے تمام افراد کے لیے ضروری قرار دیا انہوں نے کہا کہ اقبال نے عورتوں ، مردوں اور بچوں سب کے لیے لکھا ہے، لیکن ان کی فکر کا مرکز نوجوان ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اقبال کے فارسی اشعار بھی پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر مظہر حسین شعبہ تاریخ و مشیر آئی یو بی لٹریری سوسائٹی نے فکر اقبال کا تاریخ پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ خطبہ اِلہٰ اباد اقبال کی دور اندیشی کا کمال ہے۔ انہوں نے علامہ اقبال کے خطبات کو سمجھنے اور جدید فکر اپنانے کی ضرورت پر ضرور دیا