اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کی ناقابل تصور تکالیف ختم کرانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں
عاصم افتخار نے یہ بات مشرق وسطیٰ سے متعلق سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہی۔
ہمیں زمینی صورت حال کی سنگینی کا بھی ادراک ہونا چاہیے اور یہ صرف ہم یا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اراکین ہی نہیں جو یہ منظر دیکھ رہے ہیں یا تشویش میں مبتلا ہیں ، بلکہ پوری دنیا بے یقینی کے عالم میں یہ سب دیکھ رہی ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا اسرائیل کی جنگ میں سب سے زیادہ نقصان عام شہریوں کو اٹھانا پڑا ہے۔ کوئی بھی جواز ان اندھی گولیوں، ایک پوری آبادی کو بھوکا مارنے اور محصور لوگوں کو اجتماعی سزا دینے کو درست قرار نہیں دے سکتا
یہ اقدامات صرف اخلاقی طور پر قابلِ مذمت نہیں بلکہ بین الاقوامی قانون، بشمول جنیوا کنونشنز، کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں اور بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے جاری کردہ پابند احکامات کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہیں






