اسلام آباد : وزیرِ اعظم شہباز شریف کی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کیلئے کم لاگت قرضوں کے حصول میں آسانی پیدا کرنے کی ہدایت، اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ زرعی پیدوار میں اضافے کیلئے کم رقبے والے کسان کو عزت اور تکریم دینی ہوگی.چھوٹے کسانوں کو کم لاگت قرض کے حصول میں بیش بہا مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے.
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چھوٹے پیمانے کے کسانوں کو زرعی ضروریات پوری کرنے کیلئے کم لاگت قرض کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے.زرعی ترقیاتی بینک کی بہتری کیلئے اصلاحات کا نفاذ تیر کیا جائے.
انہوں نے کہا کہ چھوٹے پیمانے کے کسانوں کو آسان شرائط پر کم لاگت قرض کی فراہمی کیلئے نجی بینکوں کی حوصلہ افزائی کی جائے.زرعی ترقیاتی بینک اور کسانوں کو قرضوں کی فراہمی کیلئے اقدامات پر ہر تین ہفتے بعد اجلاس کی صدارت خود کرونگا
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت زرعی ترقیاتی بینک کی اصلاحات اور کسانوں کی قرضوں کے حصول میں آسانی پر جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا. اجلاس کو زرعی ترقیاتی بینک کی جاری اصلاحات، کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی. اجلاس میں نجی بینکوں کی جانب سے زرعی شعبے کو قرض کی فراہمی پر بھی بریفنگ دی گئی.
اجلاس کو زرعی ترقیاتی بینک کی کارکردگی کی بہتری اور قرضوں میں سہولت کیلئے مختلف تجاویز بھی دی گئیں. وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، مشیر وزیرِ اعظم محمد علی، وزراء مملکت بلال اظہر کیانی، عبدالرحمن کانجو، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، رکن قومی اسمبلی افتخار نذیر، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر مشرف زیدی، احمد عمیر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.






