بہاولپور (یو پی اے) دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پُرامن ریلی کا انعقاد کیا گیا
ریلی کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے کی۔ اس موقع پر اساتذہ، طالبات، افسران اور دیگر عملے کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ریلی کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنا اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے جاری جدوجہد کی حمایت کا اظہار کرنا تھا ۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کو بھارت نے غیر قانونی طور پر کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہر سال اس دن کو یومِ استحصال کے طور پر مناتے ہیں تاکہ دنیا کو یاد دلایا جا سکے کہ کشمیری آج بھی اپنی آزادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دیا جانا چاہیے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ ریلی کے اختتام پر کشمیری شہداء کے لیے دعا کی گئی اور عزم دہرایا گیا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔






