بہاول پور (یوپی اے)یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے عباسیہ کیمپس میں اساتذہ ملازمین اور طلباوطالبات کی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہاہے کہ آج ملت پاکستان 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر آئینی اور جابرانہ قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔
آرٹیکل 370کی منسوخی اقوام متحدہ کی حق خودارادیت کی قراردادوں، بھارت اور پاکستان کے باہمی معاہدوں کے خلاف اقدام ہے۔ کشمیریوں نے جبروتشدد پر مبنی اس اقدام کو رد کر دیا ہے۔ آج کا دن کشمیریوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا دن ہے۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے اس سلسلے میں خصوصی تقریبات کا انعقاد اور طلبا وطالبات کا جوش و خروش خوش آئند ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کوئی شخص اپنی شہ رگ دشمن کے حوالے نہیں کرتا۔5اگست2019 کو بھارت نے جن آرٹیکلز کو ختم کرکے کشمیر میں اکثریت منتقل کرنے کی ناپاک جسارت کی ہے وہ اس میں کبھی کامیاب نہ ہوگا۔
بھارتی سرکارنے زبردستی غیر مقامی آبادی کو کشمیر میں منتقل کرکے مقامی آبادی کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے وہاں بہت زیادہ بدامنی ہو گئی ہے لیکن ان تمام مظالم کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت و آزادی ختم نہ کیا جاسکا۔ بھارت کی مودی سرکاردراصل کشمیر یوں کی اکثریت کواقلیت میں بدلنے اور بھارتی شہریوں کو وہاں جائیداد خریدنے اور بیچنے اور ووٹ ڈالنے کا حق دینے کا مقصد وہاں مستقبل میں بھارتی شہریوں کو کشمیریوں پر مسلط کرنا ہے۔
پاکستان کی حکومت افواج اور عوام سب کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ان کے جذبہ حریت و آزادی کو سلام کرتے ہیں۔ انشاء اللہ کشمیری ضرور ایک دن بھارتی جبروتشدد سے آزادی حاصل کریں گے۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عبدالروف ڈین فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ بائیو لوجیکل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر جواد اقبال ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز اینڈکامرس، پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھاچیئرمین شعبہ سوشل ورک، پروفیسر ڈاکٹر محمد اسدا للہ مدنی، شیخ طارق محمود خزانہ دار،ڈاکٹر شہزاد احمد خالد ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز،ڈاکٹر عدنان بخاری ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز،ڈاکٹررمضان طاہر ایڈوائزر کشمیر اینڈ نظریہ پاکستان سوسائٹی، طلباو طالبات ، ملازمین نے شرکت کی۔






