20 March 2026

ایل او سی پر جنگ بندی کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی

بھارتی میڈیا کی جانب سے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلانے کی کوشش کی گئی تاہم اس بار  خود بھارتی فوج نے ہی بھارتی میڈیا کا جھوٹ بے نقاب کردیا

بھارتی میڈیا کی جانب سے خبر نشر کی گئی جس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا گیا کہ پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر پونچھ سیکٹر پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی گئی ہے۔

میڈیا پر یہ خبر نشر ہونے کے ساتھ ہی متعدد بھارتی صحافیوں نے بھی سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اس حوالے سے ٹوئٹ کی۔  

تاہم کچھ ہی دیر بعد خود بھارتی فوج نے بھارتی میڈیا کے ان جھوٹے دعوؤں کا پول کھول دیا۔

بھارتی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر ایل او سی پر پونچھ سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کے حوالے سے خبریں گردش کررہی ہیں جوکہ غلط ہیں، ایل او سی پر جنگ بندی کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔

اس قبل بھی پاک بھارت گشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا کی جانب سے غیر ذمہ داری اور صحافتی بددیانتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیک نیوز پھیلائی جارہی تھیں

اس دوران بھارتی میڈیا پر جاری نشریات میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت میں حملہ کیا گیا جس کے بعد بھارت نے شدید جوابی حملہ کیا اور بھارتی فوج پاکستان کے بڑے شہروں میں اندر تک گھس گئی ہے اور وہاں قبضہ کرلیا۔

ایسی بے سروپا اور جھوٹی خبریں دینے میں بھارت کے تمام بڑے نیوز ٹی وی چینلز اور معروف صحافی اور اینکر شامل تھے۔