مانچسٹر (وسیم عباس )پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے پروازوں کو بحال کر دیا گیا ہے،پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے اپنی پروازیں اس ماہ سے بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان ہائی کمیشن لندن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے فارن ایئرکرافٹ آپریٹنگ پرمٹ جاری کیا، جو کمرشل پروازوں کی بحالی کے لیے درکار آخری دستاویز تھی۔
اس سے قبل پی آئی اے کو برطانیہ میں پروازوں کے لیے تھرڈ کنٹری آپریٹر کی منظوری بھی مل چکی تھی۔بیان کے مطابق، پہلے مرحلے میں مانچسٹر کے لیے پروازوں کا آغاز کیا جائے گا، جس کے بعد برمنگھم اور لندن کے لیے بھی پروازیں بحال ہوں گی۔پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی سے برطانیہ میں مقیم 17 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو پاکستان کا سفر کرنے میں نمایاں سہولت میسر آئے گی
