10 June 2026

پی ٹی اے نے فکسڈ سیٹلائٹ سروسز لائسنس کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دے دی

پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی نے ملک میں فکسڈ سیٹلائٹ سروسز لائسنس کے مسودے کو حتمی شکل دے دی،  ڈرافٹ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔

فکسڈ سیٹلائٹ سروسز لائسنس 2025 کا ڈرافٹ سماء نے حاصل کرلیا ، سماء کو موصول لائسنسنگ ڈرافٹ کے مطابق ڈرافٹ میں اسٹیک ہولڈرز کی قیمتی آراء اور تجاویز شامل کر لی گئیں، ٹیلی کام ایکٹ اور متعلقہ پالیسیوں کے مطابق ترامیم کی گئی ہیں، ڈرافٹ میں ٹیلی کام سیکٹر کی ضروریات کو مدنظر رکھا گیا ہے

مجوزہ مسودے کے مطابق سیٹلائٹ سروسز میں قومی سلامتی اولین ترجیح قرار دی گئی ہے ، ڈیٹا پرائیویسی کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی ، پی ٹی اے کو کسی بھی وقت معائنہ کا اختیار حاصل ہوگا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری رسائی دینا ہوگی، پی ٹی اے کی ہدایات پر ویب سائٹس اور مواد بلاک کرنا لازم ہوگا، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں حکومت سروس بند کرا سکتی ہے، قانون کی خلاف ورزی پر پی ٹی اے لائسنس منسوخ کرسکتا ہے، پاکستانی صارفین کے مفاد کا تحفظ کمپنی کی ذمہ داری ہوگی

لائسنس کی بنیادی  شرط  ہے کہ بیرون ملک ڈیٹا منتقلی پر مکمل پابندی ہوگی، یوزر ٹرمینلز بھی پاکستان میں رجسٹرڈ ہونا ضروری ہوگا، فریکوئنسی مداخلت روکنا کمپنی کی ذمہ داری ہوگی، غیر قانونی انٹرنیٹ یا کال سروس پر مکمل پابندی ہوگی، سروسز بند کرنے کے لیے 90 دن پہلے تحریری اطلاع دینا ہوگی، کسی بیرونی سیٹلائٹ کے ساتھ کنکشن پی ایس اے آر بی کی رجسٹریشن پر منحصر ہے ، مواد کی بلاکنگ اور کنٹرول پی ٹی اے کی ہدایات کے مطابق ہوگا، فیس یا واجبات کی عدم ادائیگی، قوانین کی خلاف ورزی پر لائسنس معطل یا منسوخ ہوگا