بہاول پور ( صدائے پاکستان) ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر نیر مصطفی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلہ کے لیے جنگلات کا کٹاؤ روکنا اور نئے جنگلات اگانا،ہماری لائف لائن کی صورت اختیار چکا ہے کیونکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی عالمی درجہ بندی میں پہلے پانچ ممالک میں شامل ہے۔ وہ مون سون کے سلسلہ میں ہونے والی تقریب میں اظہار خیال کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری کے لیے محکمہ جنگلات اور دیگرسرکاری محکموں کے ساتھ سول سوسائٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ ناصر شہزاد ڈوگر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب، اسسٹنٹ کمشنر سٹی خلیل احمد، اے سی صدر بہاول پور قرۃ العین، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرندیم اقبال خاکوانی، کنزویٹر فارسٹ ڈویژن بہاول پورکامران کاظمی،سی ای او ایجوکیشن بہاولپور توکل حسین،سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر (PERA) اصغر علی، اور ڈی ایف او بہاول پور محمد عابد کوکب سمیت سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے جنگلات ڈویژن بہاول پورنے مون سون سیزن کے درخت لگانے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ جس کے تحت بہاول پور کے قریب جنگل میں مزید 15 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔پہلے مرحلے میں اٹھ ایکڑ پر 2ہز پودے لگائے گئے ہیں جبکہ جلد 15 ہزار کا ٹارگٹ مکمل کر لیا جائے گا۔ جنگلات کے رقبے میں نمایاں کمی ہونا بھی گلوبل وارمنگ کی بڑی وجوہات میں شامل ہے اس لیے ہم سب کو مل کر ہر قیمت پر وطن عزیز میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہیں اور ان کو کامیاب بھی کروانا ہے۔