رحیم یار خان: ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ڈی پی او عرفان علی سموں کے ہمراہ ضلع میں سمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز عبدالحنان خان اور ضیاء اللہ گوندل بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت نافذ کردہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مقامات پر ایس او پیز کی مکمل پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے ضلعی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا، جہاں سیف سٹی کیمروں کے ذریعے سمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کنٹرول روم میں موجود عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے ذریعے صورتحال کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس مشترکہ طور پر حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے متحرک ہیں اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی






