4 May 2026

برطانیہ میں مقیم ممتاز ڈاکٹر عنصر حیات کی وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات سے خصوصی ملاقات

لاہور(یو پی اے)ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے برطانیہ میں مقیم ممتاز ڈاکٹر عنصر حیات نے اپنے دورئہ پاکستان کے دوران وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب بالخصوص گجرات اور منڈی بہاؤالدین میں تعلیمی ترقی، اسکولوں کی بہتری اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے منڈی بہاؤالدین کے عوام کے لیے ایک بڑے اعلان کا بھی عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں تعلیمی اداروں کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا، اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور طلبہ کو معیاری تعلیم مہیا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔وزیرِ تعلیم نے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیم کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور تین ماہ کے اندر اندر متعدد تعلیمی منصوبوں پر عملی پیش رفت نظر آئے گی۔ انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنے آبائی علاقوں کے تعلیمی اداروں میں سرمایہ کاری کریں۔

ڈاکٹر عنصر حیات نے اس موقع پر حکومت پنجاب کی تعلیمی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی منڈی بہاؤالدین اور گجرات کے گرد و نواح میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک رہتے ہوئے بھی پاکستان، خصوصاً اپنے شہر، کی خدمت ان کا اولین مقصد ہے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں شخصیات نے تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔