اسلام آباد:(وصی شاہ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کرکٹ سے محبت کرنے والوں کے لیے خوشخبری، لیگ میں مزید دو ٹیموں کا باضابطہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس توسیع کے بعد پی ایس ایل کے گیارھویں ایڈیشن میں اب 6 کے بجائے 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں دو نئی فرنچائزز کی نیلامی کا عمل مکمل ہوا۔ نیلامی کے دوران ایف کے ایس گروپ اور اوزی گروپ نے سب سے بڑی بولیاں دے کر بالترتیب ساتویں اور آٹھویں ٹیم اپنے نام کر لیں۔ نئی ٹیمیں حیدرآباد اور سیالکوٹ کے نام سے میدان میں اتریں گی۔
نیلامی کے عمل میں علی ترین کے دستبردار ہونے کے بعد 9 پارٹیوں نے حصہ لیا۔ ساتویں ٹیم کے لیے 110 کروڑ جبکہ آٹھویں ٹیم کے لیے 170 کروڑ روپے کی بیس پرائس مقرر کی گئی تھی۔ ایف کے ایس گروپ نے ساتویں ٹیم 175 کروڑ روپے میں حاصل کی، جبکہ اوزی گروپ نے 185 کروڑ روپے کی بولی دے کر آٹھویں ٹیم خرید لی۔
نیلامی کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کامیاب گروپس اور دونوں شہروں کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان سپر لیگ کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل محض ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ اس سے قوم کے جذبات وابستہ ہیں۔
تقریب کے آغاز میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے رائزنگ اسٹار ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کو 9 کروڑ روپے جبکہ ہانگ کانگ سکسز جیتنے والی ٹیم کو 1 کروڑ 85 لاکھ روپے کے انعامات بھی دیے۔
